نئی دہلی، 27/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے آئی ٹی ہیڈ اروند گپتا نے اپنے سوشل میڈیا سیل کو مبینہ طور پر ہدایت دی تھی کہ وہ عامر خان کوآن لائن شاپنگ کمپنی ا سنیپ ڈیل کے برانڈ امبیسڈر سے ہٹانے کے لیے ایک مہم چلائے۔آج ’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ میں اس سلسلہ میں خبر شائع ہوئی ہے۔اخبار نے بی جے پی سوشل میڈیا سیل کے سابق رکن سادھوی کھوسلا کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے۔کھوسلا گزشتہ سال کے آخر میں بی جے پی کی سوشل میڈیا سیل سے الگ ہو گئی تھیں۔اس رپورٹ کے مطابق،گزشتہ سال نومبر میں رام ناتھ گوئنکا ایوارڈ پروگرام میں حصہ لینے پہنچے بالی ووڈ اداکار عامر خان نے عدم برداشت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا،اس کے دو دن بعد پارٹی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ نے بی جے پی کی سوشل میڈیا سیل کو ہدایت دی کہ اس بیان کی مخالفت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ای -کامرس پلیٹ فارم اسنیپ ڈیل پر دباؤ بنانے کے لیے سوشل میڈیا مہم چلائے تاکہ کمپنی عامر خان کو اپنے برانڈ امبیسڈر سے ہٹانے کے لیے مجبور ہو جائے۔قابل ذکر ہے کہ اس کے کچھ دیر بعد اسنیپ ڈیل نے عامر خان کے ساتھ اپنا کنٹریکٹ ختم کر دیا تھا۔سادھوی کھوسلا نے صحافی سواتی چترویدی سے اس سلسلہ میں کچھ مبینہ وہاٹس ایپ میسج شی ئر کیا ہے۔سواتی چترویدی کی حال ہی میں شائع ہوئی کتاب ’آئی ایم اے ٹرول‘شائع ہوئی ہے، اس میں اس بات کو شیئر کیا گیا ہے۔آج خبر شائع ہونے کے بعد سے ٹوئٹر کی دنیا میں اس کے حق اور مخالفت میں رد عمل کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ان میں سینئر صحافی راجدیپ سردیسائی اور سدھارتھ وردراجن جیسے سینئر صحافیوں نے بھی اس رپورٹ پر ٹوئٹر پر اپنے خیالات شیئر کئے ہیں۔راجدیپ سردیسائی نے لکھا ہے کہ بینجل (سواتی چترویدی)نے سوشل میڈیا کے خوفناک غلط استعمال کے مسئلے پر بڑے رازسے پردہ اٹھایا ہے، ابھی ان کی کتاب پڑھ کر ختم کی ہے۔دلیپ چیرین نے لکھا کہ آج صبح نیند کھلی تو جانا کہ آخر اسنیپ ڈیل سے عامرخان کو ہٹانے کے لیے کس طرح ماحول بنایا گیا۔سدھارتھ وردراجن نے لکھا کہ بینجل نے بتایا ہے کہ کس طرح بی جے پی نے عامر خان کو اپنی بات رکھنے کے لیے بھاری قیمت چکانے کو یقینی بنایا۔وہیں گورو پردھان نے دعوی کیا کہ انڈین ایکسپریس کی یہ اسٹوری پلانٹیڈ ہے، عامر کو ہٹانے والی وہ مہم میں نے شروع کی تھی، بی جے پی آئی ٹی سیل نے وہ مہم شروع نہیں کی تھی۔